عام آدمی پارٹی میں اختلاف سنگین ہوتا نظر آ رہا ہے۔ پارٹی کے 37 ممبران
اسمبلی نے وزیر اعلی اور پارٹی کنوینر اروند کیجریوال کو خط لکھ کر مطالبہ
کیا ہے کہ امانت اللہ خان کو پارٹی سے باہر کیا جائے۔ بتا دیں کہ اوکھلا
علاقے سے رکن اسمبلی امانت اللہ نے کمار وشواس پر سنگین الزام لگایا تھا۔
انہوں نے کمار کو بی جے پی کا ایجنٹ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ کروڑوں
روپے دے کر آپ ممبران اسمبلی کو توڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ادھر، کیجریوال نے کہا تھا کہ کمار وشواس اور ان کے درمیان کوئی اختلاف
نہیں ہے۔ وہ
ان کے چھوٹے بھائی جیسے ہیں۔ نیوز 18 انڈیا کو انٹرویو میں
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ دونوں کے درمیان گھریلو تعلقات ہیں۔ خط میں امانت
اللہ کی حرکت پر اعتراض ظاہر کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق خط پر دستخط کرنے
والوں میں کپل مشرا، عمران حسین، راجیش رشی، آدرش وغیرہ ممبر اسمبلی شامل
ہیں۔
کمار وشواس نے پنجاب اور دہلی میں پارٹی کی شکست کے بعد سوال اٹھایا تھا۔
انہوں نے بدعنوانی اور ٹکٹوں کی تقسیم کو لے کر اعلی قیادت کے فیصلوں کو
کٹہرے میں کھڑا کیا تھا۔ حالانکہ کیجریوال نے وشواس کے اس اقدام کی تعریف
کی تھی۔